97

لاہور میں بسنت کا آخری دن، پتنگ بازی کا سلسلہ جاری

لاہور میں بسنت کے تین روزہ جشن کا آخری دن ہے اور آج بھی شہر میں عام تعطیل جاری ہے۔ 25 سال بعد سرکاری اجازت کے ساتھ منائی جانے والی بسنت تقریباً 56 گھنٹے مکمل ہو چکی ہے جبکہ اس کی اجازت ختم ہونے میں صرف 16 گھنٹے سے بھی کم وقت باقی ہے۔ حکومت نے بسنت منانے کے لیے مجموعی طور پر 72 گھنٹے کی اجازت دی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بھی موسم خوشگوار ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا کی موجودہ رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جو پتنگ بازی کے لیے معمولی کم ہے، تاہم دوپہر سے شام تک ہوا کی رفتار بڑھنے کا امکان ہے، جس سے بہترین پتنگ بازی ممکن ہو گی۔

بسنت کے پہلے دن ہوا نہ چلنے کی وجہ سے شوقین افراد کو مایوسی ہوئی، جبکہ دوسرے دن بہترین ہوا نے پتنگ بازی کے شوق کو دوبارہ زندہ کر دیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں سجاوٹی پتنگیں اور لبرٹی راؤنڈ آباوٹ کی سجاوٹ دیکھنے کے لیے شہریوں کا ہجوم موجود ہے، لوگ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر اس خوشی کو اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

شہر میں بسنت کے دوران 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، تقریباً 2,500 ٹریفک وارڈنز اور 1,200 ریسکیو اہلکار تعینات ہیں، جبکہ سیف سٹی کیمروں اور تھرمل ڈرونز کے ذریعے شہر کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ جشن کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔