135

جاتی امراء میں نوازشریف اور برطانوی ہائی کمشنر کی اہم ملاقات

مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی جاتی امراء میں ملاقات ہوئی، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے تعلقات کو مزید مضبوط اور اشتراکِ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ نوازشریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ ناگزیر ہے۔ ملاقات میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے، جنہوں نے پنجاب اسمبلی میں عوامی مفاد میں قانون سازی کی کاوشوں کو سراہا۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی سمت اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔