کراچی, سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت سندھ نے رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے، جس میں درخواست کی گئی ہے کہ جوڈیشل انکوائری کسی حاضر سروس جج کے سپرد کی جائے تاکہ تحقیقات شفاف، غیر جانبدار اور بروقت مکمل کی جا سکیں۔
حکومتی خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انکوائری کے دوران گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور کسی بھی ممکنہ غفلت یا کوتاہی کی نشاندہی کی جائے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سانحے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینا اور عوام کے سامنے حقیقی حقائق لانا ہے۔
اعلیٰ سطحی حکام کے مطابق حاضر سروس جج کی نگرانی میں ہونے والی انکوائری کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔
حکومت کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے متاثرہ خاندانوں اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، جبکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے موثر اور مضبوط اقدامات بھی کیے جا سکیں گے۔









