وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ٹرام کے لیے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کی سہولیات شامل ہوں گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ماحول دوست نظام کے فروغ کے لیے الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بس منصوبے زیر غور آئے۔
اجلاس میں الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں کے عملی نفاذ اور انفراسٹرکچر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ جدید انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے مطابق نافذ کیا جائے گا، اور الیکٹرک ٹرام منصوبہ مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار اور ماحول دوست ہوگا۔
منصوبے کو جدید ٹرانزٹ سسٹم سے مربوط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنایا جائے اور کاربن کریڈٹ کے حصول کو پلاننگ فیز میں یقینی بنایا جائے۔
الیکٹرک ٹرام کو اسلام آباد کے اہم مقامات سے منسلک کرنے کے لیے فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کی ہدایت کی گئی۔ محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔









