خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ خزانہ نے سی پی فنڈ اکاؤنٹس کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی کو سی پی فنڈ رجسٹریشن سے مشروط کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ تاریخ تک سی پی فنڈ اکاؤنٹ رجسٹر نہ کرانے والے ملازمین کو نان کمپلائنٹ قرار دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 20 فروری کے بعد اگر سی پی فنڈ اکاؤنٹ رجسٹرڈ نہ ہوا تو تنخواہ جاری نہیں کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین سی پی فنڈ اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے اور اس فیصلے کا اطلاق صرف متعلقہ کیڈر پر ہوگا۔
صوبائی حکومت کے اس اقدام کا مقصد پنشن اور مالی نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانا قرار دیا جا رہا ہے۔









