154

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اعلان: 9 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں کل 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ہیں۔

مریم نواز کے مطابق ان میں سے 3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں سرکاری بھرتیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز میں توسیع کے ذریعے فراہم کی گئی ہیں، جبکہ صحت کے کلینکس، سکولز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے بھی روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2 لاکھ 3 ہزار روزگار کے مواقع آسان کاروبار اقدامات کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے دیے گئے، جو چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوئے۔ اس کے علاوہ 4 لاکھ 75 ہزار 500 روزگار کے مواقع براہِ راست اور بالواسطہ تعمیراتی منصوبوں جیسے “اپنی چھت اپنا گھر”، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے منسلک ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب غربت کے خاتمے، جامع معاشی ترقی اور پائیدار روزگار کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے اور آئندہ بھی نوجوانوں اور کاروباری طبقے کے لیے مزید روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔