120

صدر، وزیراعظم اور نواز شریف کی مشاورت سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تجویز

اسلام آباد: نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے اجلاس میں صدر مملکت آصف زرداری، صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، شیر افضل مروت، بیرسٹر سیف، عمران اسماعیل اور شہزاد وسیم نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے طریقہ کار اور سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی تجاویز پر بات کی گئی۔ اپوزیشن کمیٹی بنانے اور سیاسی قیدیوں کو شامل کر کے ڈائیلاگ کمیٹی کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ:

سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کی جائے۔

سیاسی کارکنوں کی رہائی کے بعد عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا۔

میڈیا پر موجود سنسرشپ ختم کی جائے۔

سیاسی افراد کے خلاف مقدمات ختم کیے جائیں۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ نیشنل ڈائیلاگ میں بات چیت کا عمل جاری رہے گا اور آئندہ اجلاس ملتان میں منعقد کیا جائے گا۔