ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو مسلسل عدم پیشی پر اشتہاری قرار دے دیا۔
شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے ملزم کی بار بار غیر حاضری پر سخت اقدام اٹھاتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے زبانی فیصلے میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دیا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پر شراب اور اسلحہ برآمد ہونے کا الزام ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور مسلسل عدم پیشی کے باعث قانونی کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری احکامات کے بعد کیس میں پیش رفت متوقع ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وارنٹس پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی گئی ہے۔









