خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ مزاحمت کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے والے آج اقتدار میں ہیں، جبکہ قانونی طریقے سے چیزیں لینے والا شخص جیل میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف کا نظام دوہرے معیار کا شکار ہے۔
دوسری جانب صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار اور مستقل امن کے قیام کے لیے ایک جامع اور ہمہ گیر پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تمام فریق مل بیٹھ کر بات نہیں کریں گے، اس وقت تک مؤثر پالیسی تشکیل نہیں دی جا سکتی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق باہمی مشاورت ہی امن کی بحالی کا واحد راستہ ہے۔









