66

حکومتی ترقی کے دعوؤں سے عام آدمی مطمئن نہیں، بلاول بھٹو زرداری

لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ترقی کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم عام آدمی موجودہ معاشی صورتحال اور ترقی کے ثمرات سے خوش نہیں ہے۔

لاڑکانہ چلڈرن اسپتال میں آئی سی یو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں صحت کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جو ملک کے کسی اور صوبے میں اس سطح پر دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس نگہداشت (آئی سی یو) عالمی معیار کی ایک مہنگی سہولت ہے، جس کا آغاز لاڑکانہ میں کیا جا رہا ہے، جبکہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سندھ بھر میں بچوں کے لیے صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بچوں کی کم ترین شرحِ اموات اب صوبہ سندھ میں ریکارڈ کی جا رہی ہے اور حکومت کا ہدف یہی ہے کہ یہ سہولیات ہر ضرورت مند تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت شدید معاشی بحران کا سامنا ہے اور عام آدمی کے لیے تنخواہ میں گزارا مشکل ہو چکا ہے۔ پیپلز پارٹی معاشی بوجھ کم کرنے والی پالیسیاں متعارف کرانا چاہتی ہے اور شہید بے نظیر بھٹو کے منشور پر عمل درآمد جاری ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عام آدمی تعلیم اور علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ نجکاری سے متعلق پیپلز پارٹی کے مؤقف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر یقین رکھتی ہے۔ سندھ ایگرو کول مائننگ کمپنی اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن سندھ حکومت کے کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے ہیں، جنہیں ایکانومسٹ میگزین نے عالمی سطح پر چھٹا درجہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں جنہوں نے برسی کے موقع پر وفد بھیجا، تاہم اس ملاقات میں کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی مسائل کے حل کے لیے راستے نکالنے چاہئیں، کیونکہ یہی طرزِ عمل عوام کے مفاد میں ہے۔