162

قومی ایئر لائن کا بڑا قدم، لندن فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان

قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن میں توسیع کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق مارچ 2026 سے لندن کے لیے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطہ مزید مستحکم ہو جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہفتہ وار چار پروازوں کے سلاٹس مل گئے ہیں۔ یہ سلاٹس اس سے قبل پابندی کے دوران ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ترکش ایئرلائن کو عارضی طور پر منتقل کیے گئے تھے، جو اب واپس حاصل کر لیے گئے ہیں۔

ایئرلائن حکام کے مطابق پابندی کے دوران قیمتی سلاٹس محفوظ رکھنے کے لیے یہ حکمت عملی اختیار کی گئی تھی، تاکہ مستقبل میں فلائٹ آپریشن بحال کرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ اب پی آئی اے نے ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ مارچ 2026 سے لندن کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق لندن روٹ کی بحالی سے نہ صرف برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سفری سہولت ملے گی بلکہ پی آئی اے کی آمدن میں بھی نمایاں اضافے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس پیشرفت سے قومی ایئرلائن کی مالی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے، جبکہ عالمی سطح پر پی آئی اے کی ساکھ مضبوط ہونے کی امید بھی کی جا رہی ہے۔