پاکستان میں چائے روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے۔ دن کا آغاز اکثر دودھ والی چائے سے ہوتا ہے جبکہ کام کے بعد یا صحت کے شوقین افراد سبز چائے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے میں یہ سوال اہم ہو جاتا ہے کہ روزانہ پینے کے لیے کون سی چائے زیادہ مفید ہے۔
دودھ والی چائے
دودھ والی چائے گھروں میں سب سے زیادہ استعمال ہوتی ہے، جو کالی چائے، دودھ اور چینی سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ ذائقے میں خوشگوار اور توانائی بخش سمجھی جاتی ہے، تاہم ماہرین غذائیت کے مطابق دودھ ملانے سے چائے میں موجود بعض قدرتی مفید اجزا کے اثرات کم ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی فرد کو دودھ سے الرجی نہ ہو تو دودھ والی چائے نقصان دہ نہیں، کیونکہ دودھ کیلشیم اور وٹامن ڈی فراہم کرتا ہے۔ البتہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ دودھ والی چائے کھانے کے ساتھ پینے کے بجائے کھانوں کے درمیان استعمال کی جائے۔
کالی چائے
کالی چائے عموماً بغیر دودھ یا بہت کم دودھ کے ساتھ پی جاتی ہے اور ذائقے میں نسبتاً تیز ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دودھ والی اور سبز چائے کے درمیان ایک متوازن انتخاب ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق کالی چائے میں ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو خون کی روانی بہتر بنانے اور دل کی صحت کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین کالی چائے بھی کھانے کے ساتھ پینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ یہ غذا کے اجزا کے جذب میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
سبز چائے (گرین ٹی)
سبز چائے کم عمل سے گزرتی ہے اور عموماً بغیر دودھ اور چینی کے پی جاتی ہے، جس سے اس کے قدرتی فوائد برقرار رہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سبز چائے مفید اجزا سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں کیفین کی مقدار بھی نسبتاً کم ہوتی ہے، اسی لیے اسے کھانے کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم دن میں دو سے تین کپ سے زیادہ پینے سے پرہیز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ماہرین کی حتمی رائے
ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی ایک چائے ہر شخص کے لیے یکساں طور پر سب سے زیادہ صحت بخش نہیں۔ چائے کا انتخاب اس بات پر منحصر ہے کہ اسے کس وقت اور کس مقصد کے لیے پیا جا رہا ہے۔ دودھ والی چائے کھانوں کے درمیان، کالی چائے احتیاط کے ساتھ اور سبز چائے اعتدال میں روزمرہ استعمال کے لیے بہتر سمجھی جاتی ہے۔ اصل اہمیت توازن اور اعتدال کی ہے۔









