146

قید افراد کے احتجاج پر قانون حرکت میں آئے گا، عدالتوں سے رجوع کیا جائے: گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اگر جیلوں میں قید افراد باہر آ کر احتجاج کریں گے تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کے بجائے عدالتوں سے رجوع کیا جائے کیونکہ سب کو قانونی حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا اور گالم گلوچ سے صوبے کے حقوق حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

گورنر کے پی کے مطابق احتجاج محض کارکنوں کو متحرک رکھنے کی ایک کوشش ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے مذاکرات کی بات کر کے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کی پیشکش کے باوجود 9 مئی جیسے واقعات پیش آئے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ سندھ اور کراچی میں بھی بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کو چند دنوں میں جواب دیا جا سکتا ہے تو دہشت گردوں سے نمٹنا بھی مشکل نہیں ہے۔