166

خیبرپختونخوا کے وفاقی فنڈزپر وزارتِ خزانہ کے اہم انکشافات

خیبرپختونخوا کو وفاقی فنڈز کی فراہمی سے متعلق وزارتِ خزانہ کی جاری کردہ دستاویز میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق وفاق نے گزشتہ 15 سال کے دوران صوبے کو مجموعی طور پر 8400 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری کیے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے تحت 2010 سے اب تک 5867 ارب روپے خیبرپختونخوا کو منتقل کیے جا چکے ہیں اور صوبے کے کوئی بقایاجات واجب الادا نہیں۔ این ایف سی کے تحت فنڈز کی منتقلی ہر 15 دن بعد باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے اضافی بوجھ کے باعث خیبرپختونخوا کو ایک فیصد اضافی حصہ دیا گیا، جس کی مد میں اب تک 705 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح ضم شدہ اضلاع کے لیے 2019 سے اب تک 704 ارب روپے وفاقی حصے سے منتقل کیے گئے۔

وزارتِ خزانہ کی دستاویز کے مطابق 17 دسمبر 2025 کے بعد 46 ارب روپے سے زائد صوبے کو جاری کیے گئے، جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے وفاق سے صرف 2200 ارب روپے ملنے کا بیان سامنے آیا تھا۔