66

خیبر پختونخوا پولیس کی استعداد بڑھانے کا فیصلہ، جدید اسلحہ اور آلات کی منظوری

خیبر پختونخوا حکومت نے پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مزید جدید اسلحہ اور آلات خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق پولیس کے لیے 50 بیریٹا اسنائپر رائفلز، 100 دیگر اسنائپر رائفلز اور 1250 جدید خودکار ہتھیار ٹی ڈبلیو ایس خریدے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 430 تھرمل بائنیکیولرز، 330 تھرمل ٹی آئی کیمرے اور 73 سرویلنس ڈرونز کی خریداری کی منظوری دی گئی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون خطرات سے نمٹنے کے لیے 14 اینٹی ڈرون گنز، 4 سرچنگ ڈرونز اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے 20 جدید بم ڈسپوزل سوٹس حاصل کیے جائیں گے۔ سرچ آپریشنز کے لیے ایک ہزار اسپارٹا کیمرے، 6 ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور 6 ہزار بلٹ پروف ہیلمٹس بھی خریدے جائیں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 210 بی سیون لیول بکتر بند گاڑیاں اور 1200 آپریشنل بکتر بند گاڑیاں حاصل کی جائیں گی، جبکہ 39 پولیس گاڑیوں کی فرنٹ اسکرین اور 5 ڈبل کیبن گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ بھی کی جائے گی۔