جماعت اسلامی نے ملک بھر میں 21 دسمبر کو دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تمام ہیڈ کوارٹرز میں دھرنے بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے مقصد سے دیے جائیں گے۔
حافظ نعیم نے پنجاب میں حالیہ بلدیاتی ایکٹ کو جمہوریت پر دھبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتیں نچلی سطح سے اختیارات منتقل کرنے سے گریز کر رہی ہیں اور بلدیاتی اداروں کو مؤثر بنانے کی بجائے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 کے بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے اور بڑے شہروں میں بھی مقامی نمائندوں کو بااختیار بنانے سے خوفزدہ رویہ اختیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے بعد بلدیات کو بااختیار کرنا تھا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں عوامی مسائل جیسے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا۔ حافظ نعیم الرحمان نے غربت میں اضافے کی ذمہ داری جاری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر بھی ڈالی۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اکیس دسمبر کے دھرنے میں آئندہ کا لائحہ عمل عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔









