45

خیبرپختونخوا حکومت نے باران ڈیم اور مروت کینال سسٹم کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے دی

خیبرپختونخوا حکومت نے باران ڈیم اور مروت کینال سسٹم کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے دی ہے، جس پر پی سی ٹو کی لاگت دو کروڑ روپے آئے گی۔

محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے مطابق رواں سال اس منصوبے کے لیے تخمینہ لاگت ایک ارب 44 کروڑ روپے ہے۔ پی ڈی ڈبلیو پی نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب دریائے ٹوچی کے بہاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے، اور ڈیم کے لیے متبادل ذرائع کی تلاش ضروری ہے، جبکہ دریائے کرم کا پرانا فیڈر چینل ڈیم ریزنگ کے بعد غیرفعال ہو گیا ہے۔

نئے فیڈر چینل کی ایک ہزار کیوسک صلاحیت بھی پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے ناکافی سمجھی جا رہی ہے۔ محکمہ آبپاشی نے ہائیڈرو لوجیکل سٹڈی کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ باران ڈیم کے لیے قریبی دریا اور نالوں کے مستقل بہاؤ کا جائزہ لیا جا سکے۔

محکمہ نے واضح کیا کہ اگر فزیبلٹی اسٹڈی غیر مؤثر ثابت ہوئی تو تفصیلی ڈیزائن پر کوئی خرچ نہیں کیا جائے گا۔