36

عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں چلایا جا رہا، سپرنٹنڈنٹ کا عدالت میں جواب

بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے حوالے سے عدالتی درخواست میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بانی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا بلکہ باہر سے ہی کوئی اس کا انتظام کر رہا ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق عمران خان سخت سرویلنس میں ہیں اور ان پر تعینات اسٹاف انہیں مستقل طور پر سرچ کرتا رہتا ہے۔ ان کے پاس موبائل فون یا کوئی ممنوعہ چیز موجود نہیں، جبکہ جیل کے اندر موبائل سگنلز کو بلاک کرنے کے لیے جیمر بھی نصب ہیں۔

جواب میں کہا گیا کہ جیل رولز کے تحت عمران خان کو موبائل یا انٹرنیٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں، اور انہیں صرف وہی سہولیات دستیاب ہیں جو جیل رولز یا عدالتی احکامات کے مطابق دی جا سکتی ہیں۔ جیل رول 265 کے تحت سیاسی گفتگو بھی ممنوع ہے، تاہم جیل ٹرائل کے دوران ان کی فیملی اور وکلاء ملاقات کر سکتے ہیں اور ان کے ساتھ سیاسی گفتگو کر سکتے ہیں۔