وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ( ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی نے ایک بار پھر عوام کے دلوں میں نواز شریف کی قیادت کے لیے بھرپور اعتماد کو ثابت کر دیا ہے۔ پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدواروں کی واضح اور بڑی لیڈ یہ ظاہر کرتی ہے کہ عوام مریم نواز کی کارکردگی اور وژن سے مکمل مطمئن ہیں۔
انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ یہ کامیابی عوام کو مفت ادویات، گھروں میں انسولین کی فراہمی، ہیلتھ کلینک اور فیلڈ ہسپتالوں کی بہتری، بی ایچ یوز کی حالت بہتر کرنے، فری ٹریکٹر، فری سپر سیڈر، ٹیوب ویل سولرائزیشن اور کسان کارڈ جیسے پروگراموں کے اثرات کا نتیجہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عوام نے اپنی حمایت نواز شریف کینسر ہسپتال، نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال، اسکالرشپ پروگرام، الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک بسوں، ستھرا پنجاب اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں 1 لاکھ 20 ہزار گھروں کی فراہمی کے اقدامات پر دی ہے۔ یہ ووٹ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے اثرات کا عکاس ہے اور عوام کی واضح ترجیح ہے۔لیگی امیدواروں نے 20 ہزار سے 1 لاکھ 20 ہزار ووٹوں کی بڑی لیڈ سے کامیابی حاصل کی ہے۔
عظمٰی بخاری نے ہری پور میں بابر نواز کی فتح کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس جیت نے جعلی تبدیلی کے حامیوں کے منصوبوں کو مکمل طور پر ناکام کر دیا ہے اور دھاندلی کے الزام لگانے والوں کا مقدر صرف دھاندلی کا ورد بن کر رہ گیا ہے۔









