66

پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز پر 2 خودکش حملے ہوئے: سی سی ٹی وی فوٹیج جاری، 9 زخمیوں میں 6 عام شہری بھی شامل

پشاور ایف سی ہیڈکوارٹرز حملہ: سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش دھماکے اور زخمی شہری کی آمد واضح

پشاور کے صدر ایریا میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گرد حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے، جس میں دھماکے کا لمحہ اور اس کے فوراً بعد کی صورتحال واضح دیکھی جا سکتی ہے۔

فوٹیج کے مطابق خودکش دھماکا مین گیٹ سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد سفید کپڑوں میں ملبوس ایک زخمی شہری کو گیٹ سے اندر آتے دیکھا گیا، جو اپنا سر اور کمر سہلاتا ہوا عمارت کی حدود میں داخل ہوا اور شدید درد کے باعث زمین پر بیٹھ گیا۔ چند لمحوں بعد سیکیورٹی گارڈ اسے سہارا دے کر اندر لے جاتا ہے۔

صبح 8 بجے کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر دو خودکش حملوں کی کوشش کی۔ پہلے دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے عمارت میں گھسنے کی کوشش کی، تاہم پولیس اور ایف سی کمانڈوز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

حملے میں 3 ایف سی اہلکار شہید ہوئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں 3 اہلکار اور 6 عام شہری شامل ہیں۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔