109

بیوٹی فیکیشن پشاور منصوبے کا افتتاح: خیبرپختونخوا کا وفاق سے مالی حقوق کی فوری ادائیگی کا مطالبہ

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے کے مالی حقوق کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور ہم سب کا ہے اور اسے خوبصورت بنانے کی ذمہ داری سب پر عائد ہوتی ہے۔

بیوٹی فیکیشن پشاور منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوا کے عوام نے دی ہیں اور وفاق پر صوبے کے بقایاجات کی ادائیگی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں صوبے کے 2200 ارب روپے بقایا ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت خیبرپختونخوا کا حصہ 19.4 فیصد بنتا ہے، جس کے تحت صوبے کو 400 ارب روپے ملنے چاہیے۔ انہوں نے وفاق پر زور دیا کہ وہ صوبے کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبہ بھر سے 90 فیصد عوامی مینڈیٹ ملا ہے اور حکومت صوبے کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، اس دفعہ زیادہ ڈیلیور کرکے دکھائیں گے۔