ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغان طالبان تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام پاک افواج کے ساتھ ہیں اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں طاہر اندرابی نے کہا کہ افغان طالبان حکومت کے دوران پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین سے دہشتگردی کو روکنے میں ناکام ہے اور پاکستان نے افغان رجیم کو دہشتگردی کے تمام ثبوت فراہم کر دیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشتگرد گروپس کی غیر قانونی اسلحے تک رسائی علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پاکستان میں پشتون قوم پرستی کو بھڑکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان میں سرگرم دہشتگرد گروہ افغان شہریوں پر مشتمل ہیں۔
اس موقع پر طاہر اندرابی نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے دو روزہ سرکاری دورے کا بھی اعلان کیا، جو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کل پاکستان پہنچیں گے۔ طاہر اندرابی کے مطابق، شاہ عبداللہ دوم کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور وہ صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے۔









