36

کیڈٹ کالج وانا حملہ: تحقیقات میں افغان ملوثین اور بھارتی سازش کے شواہد: تمام دہشتگرد افغان شہری تھے

کیڈٹ کالج وانا پر حملے کی تحقیقات میں انتہائی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والے تمام دہشتگرد افغان شہری تھے اور حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی۔ حملے کا حتمی حکم خارجی نور ولی محسود نے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کارروائی کے دوران افغانستان سے موصولہ ہدایات پر عمل کر رہے تھے، جبکہ خارجی زاہد نے حملے کی منصوبہ بندی کی۔ خارجی نور ولی محسود کے حکم پر حملے کی ذمہ داری جیش الہند کے نام سے قبول کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی نور ولی محسود فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سے اپنی ذمہ داری ہٹانا چاہتا تھا، اسی لیے حملے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں خارجی بار بار جیش الہند کا نام لیتا رہا۔ افغان طالبان نے فتنہ الخوارج پر دباؤ ڈالا کہ اپنی اصلی شناخت استعمال نہ کریں تاکہ ان کی شناخت ظاہر ہونے پر پاکستان اور دیگر دوست ممالک پر دباؤ نہ بڑھے۔

حملے کے لیے تمام سازوسامان افغانستان سے فراہم کیا گیا اور کارروائی میں امریکی ساختہ ہتھیار بھی استعمال ہوئے۔ حملے کا مقصد بھارتی ایجنسی را کی ہدایت پر پاکستان میں سیکیورٹی خدشات بڑھانا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد کچہری کے باہر دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور کی شناخت بھی افغانستان سے تعلق رکھنے والا قرار دی گئی ہے، جبکہ سہولت کاری کرنے والے باجوڑ کے رہائشی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔