108

پی ٹی آئی کے دو سینیٹرز سے رابطہ منقطع، 27ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ سے قبل صورتحال غیر یقینی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اپنے دو سینیٹرز فیصل سلیم اور سیف اللہ ابڑو سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق، سندھ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں سینیٹرز فی الحال پارٹی قیادت کے رابطے میں نہیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے باوجود قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ نہیں دیا تھا، جبکہ سینیٹر فیصل سلیم ماضی میں 26ویں آئینی ترمیم کے دوران بھی پارٹی سے لاتعلق رہے تھے۔

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ہونے والا سینیٹ اجلاس گزشتہ روز ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان بعض شقوں پر ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا تھا، تاہم اب مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بل کی منظوری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، ترمیم کی منظوری سے پہلے ہی سینیٹر فیصل واوڈا نے مٹھائی لے کر پارلیمنٹ پہنچ کر جشن منایا، جس پر حکومتی اور اپوزیشن بینچوں میں دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے میں آئے۔