133

جنوبی وزیرستان: غیر حاضر اساتذہ کے خلاف شکنجہ، 3 انکوائری کمیٹیاں قائم

صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر مسرت زمان کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے 51 غیرحاضر اساتذہ کےخلاف 3 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دے دیں، اور ان کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحقیقات مکمل کرکے 15 دن کے اندر جامع رپورٹ جمع کرائیں۔
یہ فیصلہ ڈی ایس سی میٹنگ میں کیا گیا، جس کا انعقاد ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر کی زیر صدارت ہوا۔ میٹنگ میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری کے نظام اور غیر حاضری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) کے دفتر سے تین الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے گئے، جن کے تحت دو دو اراکین پر مشتمل تین انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
کمیٹیوں میں میران گل (ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر) جبکہ محمد موسیٰ (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول شکئی) غلام حسین (گورنمنٹ ہائی سکول وانا)، ناصر اللہ خان (گورنمنٹ ہائی سکول انگوراڈہ)، عبدالجنان (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول وارہ نور) اور مولاجان (ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول سپین) اراکین نامزد کئے گئے۔
غیرحاضر اساتذہ کےخلاف 3 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دینے کے بعد حکام کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیرحاضر اساتذہ کی مکمل تفصیلات، غیر حاضری کی مدت اور ای ایم اے رپورٹس کی جانچ پڑتال کر کے 15 دن کے اندر اپنی جامع رپورٹ پیش کریں۔ ہر استاد کے خلاف علیحدہ سفارشات تیار کی جائیں گی، جن کی بنیاد پر ای اینڈ ڈی رولز کے تحت کارروائی یا بریت کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مالک خان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کی مکمل فعالی اور عوامی سہولیات کے پیش نظر کارروائی شروع کردی گئی ہے، اس اقدام سے محکمہ تعلیم میں بہتری آئے گی اور ہر ملازم اپنی ذمہ داری ایمانداری سے نبھائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تعلیم کے معیار میں بہتری اور اساتذہ کی حاضری کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام اساتذہ کو سختی سے ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ اپنی حاضری یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی