لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر صارفین پر مزید بوجھ ڈال دیا۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سولر صارفین کے کنکشن پر اب صرف اے ایم آئی میٹر لگے گا۔
ذرائع لیسکو نے بتایا کہ اے ایم آئی میٹر کی قیمت 70 ہزار روپے ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سے قبل میٹر کی قیمت 35 ہزار روپے کے لگ بھگ تھی، درخواست کنندہ سولر صارفین کو کنکشن فراہمی روک دی گئی ہے، وزارت توانائی کے کہنے پر اقدام کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے چند روز قبل پنجاب میں سال 2022 اور 23 کے دوران سرکاری سکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے واقعات کا انکشاف سامنے آیا۔
سکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے انکشافات کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے صوبے میں سولر پینلز کی چوری کے واقعات کی تحقیقات پولیس سے کرانے کی ہدایت کر دی۔
رپورٹ کے مطابق صرف راجن پور کے 50 سکولوں سے سولر پینلز چوری 2022-23 میں ہوئے، سولر پینلز کی چوری پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا۔
پنجاب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری کا اجلاس تنویر اسلم ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
تنویر اسلم ملک نے کہا کہ جن اضلاع میں اسکولوں سے سولر پینلز چوری ہوئے ہیں، وہاں کے ڈی پی اوز کو سخت خط لکھا جائے گا۔
تنویر اسلم ملک نے کہا کہ محکمہ تعلیم کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار ہی نہیں ہے، محکمہ ذمہ داری ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی پر ڈال رہا ہے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ کتنے اسکولوں سے چوری اور کتنی ریکوری ہوئی؟ اس کی تحقیقات کی جائے۔









