174

مولانا فضل الرحمان: پی ٹی آئی سے اتحاد کا دروازہ مکمل بند نہیں ہوا

 جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اتحاد کے امکان کو یکسر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق سیاست میں نہ دشمنی ہمیشہ کے لیے ہوتی ہے اور نہ ہی دوستی دائمی رہتی ہے۔

 انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت ختم کرنے والے پاکستان قومی اتحاد کی جماعتیں 1983 میں پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ایم آر ڈی کے پلیٹ فارم پر جمہوریت کی بحالی اور مارشل لاء کے خاتمے کے لیے سرگرم رہیں۔

نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاستدانوں میں یہ صلاحیت موجود ہوتی ہے کہ وہ قومی سلامتی اور عوامی مفاد کی خاطر اپنے اختلافات بھلا کر اکٹھے بیٹھ سکیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)، جو ایک دوسرے کی سخت مخالف تھیں، جمہوریت کے تسلسل کے لیے چارٹر آف ڈیموکریسی پر متفق ہوئیں اور تمام تلخیاں پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھیں۔ ان کے مطابق سیاست دراصل مفاہمت کی سائنس ہے، جو وقت اور حالات کے مطابق نئی سیاسی صف بندیاں پیدا کرتی رہتی ہے