139

AAAI چیپٹر کے ذریعے پاکستانی اسٹارٹ اپس کو عالمی مواقع میسر

کراچی – پاکستان کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ملک نے باضابطہ طور پر عالمی مصنوعی ذہانت (AI) کی کمیونٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جہاں Association for the Advancement of Artificial Intelligence (AAAI) کا پہلا پاکستانی چیپٹر لانچ کیا گیا ہے — یہ تنظیم 1958 سے دنیا بھر میں AI کے فروغ کی سب سے مؤثر آواز سمجھی جاتی ہے۔

تقریب کا انعقاد کراچی کے پی سی ہوٹل کے زاور ہال میں کیا گیا، جہاں 200 سے زائد ممتاز شخصیات شریک ہوئیں، جن میں اعلیٰ سرکاری افسران، ٹیکنالوجی ماہرین، جامعاتی رہنما، اور معروف کارپوریٹ ایگزیکٹوز شامل تھے۔ اس موقع پر محمد طاہر کو AAAI پاکستان کا پہلا چیئرمین مقرر کیا گیا، جنہوں نے اس چیپٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا:

“یہ چیپٹر ہمیں عالمی تحقیق، فنڈنگ اور اشتراکی مواقعوں تک براہ راست رسائی فراہم کرتا ہے۔ اب ہمارے نوجوان بین الاقوامی ہیکاتھونز میں شرکت کر سکیں گے، اور مستقبل میں AAAI کی علاقائی کانفرنس کی میزبانی بھی پاکستان میں ممکن ہو سکے گی۔”

تقریب میں نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس (NCAI) کے چیئرمین ڈاکٹر یاسر ایاز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کے تعلیمی اور ٹیکنالوجی شعبے کے لیے “گیم چینجر لمحہ” قرار دیا۔

تقریب کا ایک یادگار لمحہ AI پر مبنی ویڈیو پریزنٹیشن تھا، جس میں AAAI کے بانی اور AI کے ابتدائی رہنما جیک مک کارتھی کی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا — یہ ویڈیو مستقبل کے وژن کا پیغام بن کر سامنے آئی۔

مائیکروسافٹ کے ریجنل ڈائریکٹر جبران جمشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

“AAAI وہ پلیٹ فارم ہے جس نے دنیا میں AI کے انقلابی منصوبے، جیسے کہ ChatGPT، کو جنم دیا۔ اب پاکستان کا ٹیلنٹ بھی اس عالمی میز پر موجود ہے۔”

AAAI پاکستان کی سرکاری ویب سائٹwww.aaai.pk اگست 14 کو لانچ کی جائے گی، جہاں مقامی AI کمیونٹی کے لیے ممبرشپ، تحقیقاتی مواد، اور اپڈیٹس دستیاب ہوں گی۔

ٹیک ماہرین کے مطابق، $200 ملین سے زائد کی ممکنہ اقتصادی سرگرمیوں کے ساتھ، یہ لانچ پاکستان کے جدت پر مبنی مستقبل کی جانب ایک جرات مندانہ قدم ہے۔