65

بابوسر ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ، سیاح اور مقامی آبادی متاثر

گلگت بلتستان: بابوسر ہائی وے پر بادل پھٹنے کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے چار سیاحوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، جب کہ درجنوں لاپتہ ہیں۔

حکومتی ترجمان کے مطابق، 80 سے زائد سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے اور مقامی افراد نے سینکڑوں متاثرین کو عارضی پناہ فراہم کی ہے۔ اب تک 250 سے زائد سیاح چلاس منتقل کیے جا چکے ہیں۔

سیلاب سے 50 سے زائد مکانات، لڑکیوں کا اسکول، دو ہوٹل، پولیس چوکی، گندم کا گودام اور 4 پل تباہ ہو گئے ہیں، جب کہ 8 کلومیٹر سڑک بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

پاک فوج امدادی سرگرمیوں کی قیادت کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر ہیلی کاپٹر کے استعمال کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ریلیف اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

NDMA، PDMA اور مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔