157

پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی نئی کوشش ناکام

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناکر  5  مبینہ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 جولائی کی شام 5  بجے خوارج نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی 5 مختلف مقامات پر ناکہ بندی کردی اور شام 6 بج کر 25 منٹ پر خوارج سرحد سے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کے بعد خوارج نے عزیز خیل اور منڈی خیل کی سمت پیش قدمی کی جہاں  فورسز کی موجودگی کے باعث خوارج نے بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لے لی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر مسجد کا محاصرہ کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بہترین حکمت عملی کے باعث خوارج نے ہتھیار ڈال دیے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار خوارج افغان شہری ہیں جن میں سے 3 کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں جب کہ گرفتار افراد کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام خوارج کو مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔