60

پاکستانی طلبہ اور ورکرز کے لیے برطانیہ کا ای ویزا سسٹم متعارف

برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزا کی نئی سہولت کا آغاز کردیا

۔
برطانوی حکومت نے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزا کی فزیکل امیگریشن دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس یعنی ای ویزا متعارف کرادیا ہے جس کے مطابق برطانیہ جانے والے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کو آج 15 جولائی سے پاسپورٹ پر ظاہری اسٹیکر ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔


ای ویزا کسی فرد کی برطانیہ میں امیگریشن کی اجازت اور اس سے منسلک شرائط کا آن لائن ریکارڈ ہوتا ہے،جسے یو کے ویزا اینڈ امیگریشن کے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کر کے دیکھا جا سکتا ہے,ای ویزا بارڈر اینڈ امیگریشن سسٹم کا ایک جدید نظام  ہے جو ویزا کے عمل کو مزید آسان، محفوظ، ڈیجیٹل اور مربوط بنائے گا۔


اس حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کاکہناہےکہ یو کے ویزا سسٹم میں یہ اصلاحات طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے اپنی شناخت اور ویزا اسٹیٹس ثابت کرنا بہت آسان بنا دیں گی، اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ درخواست دہندگان کو اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کی سہولت ملے گی، جس سے ان کا وقت بچے گا،فزیکل دستاویز سے ای ویزا پر منتقل ہونے سے کسی فرد کے امیگریشن اسٹیٹس یا برطانیہ میں داخلے یا قیام کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

علاوہ ازیں ای ویزا جن کیٹیگریز میں ویزا کے لیے درخواست دہندگان کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے ان میں طلبہ، بشمول 11 ماہ کی مختصر مدت کی تعلیم، گلوبل بزنس موبیلٹی روٹس جیسے سینئر یا اسپیشلسٹ ورکر، گریجویٹ ٹرینی، یو کے ایکسپینشن ورکر، سروس سپلائر، سیکنڈمنٹ ورکر، گلوبل ٹیلنٹ، انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن، اسکلڈ ورکربشمول ہیلتھ اینڈ کیئر ورکرز اور عارضی کام کے راستے جیسے چیریٹی ورکر، کری ایٹو ورکر، گورنمنٹ آتھورائزڈ ایکسچینج، انٹرنیشنل ایگریمنٹ، اور مذہبی ورک روٹس کے علاوہ یوتھ موبیلٹی اسکیم شامل ہیں۔


ای ویزا رکھنے والے افراد اپنی سفری دستاویز اپنے یو کے وی آئی (UKVI) اکاؤنٹ سے منسلک کر کے بین الاقوامی سفر آسان بنا سکتے ہیں،جو افراد بطور ڈپینڈنٹ درخواست دے رہے ہیں یا ایسے بنیادی درخواست دہندگان جو تعلیم یا پیشہ ورانہ کام کے علاوہ دیگر ویزا کیٹیگریزجیسے جنرل وزیٹر ویزا کے لیے اپلائی کریں گے، انہیں بدستور فزیکل اسٹیکر ویزا کی ضرورت ہوگی، اسی طرح جن کے پاس پہلے سے کارآمد فزیکل ویزا اسٹیکر موجود ہے، انہیں مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔


جلد یہ سہولت تمام ویزا کیٹیگریز پر نافذ کر دی جائے گی، جس سے برطانوی ویزا حاصل کرنے کا عمل مزید محفوظ، آسان اور مؤثر ہو جائے گا۔