269

17 جولائی تک جاری رہے گا بارشوں کا سلسلہ، موسمیاتی ادارہ خبردار

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے ،مون سون بارشوں کا تیسرا سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاوں و ندی نالوں میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔

دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کا بہائو 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے ۔ چناب، راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ۔ راجن پور ہل ٹورنٹس میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ ڈیرہ غازی خان وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث دریاں و ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ شہریوں کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔عوام سے درخواست ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اوکاڑہ میں 72 ملی میٹر، ساہیوال میں 66 ،ڈیرہ غازی خان میں 51 ،میانوالی میں 38 اور بہاولپور میں 36 ملی میٹر،کوٹ ادو میں 33،گجرانوالہ میں 30 ،لیہ میں 23 اور مری میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔