اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے غیر ملکی میڈیا کو دی جانے والی گمراہ کن بریفنگ میں کوئی حقیقت نہیں، اور علی امین گنڈا پور کی ہر کال ناکام ہو گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اگلی کال بھی ناکام ہو گی، جیسا کہ گزشتہ کالز ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کال کبھی بھی پُرامن نہیں رہی، اور اگر قانون ہاتھ میں لیا گیا تو سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔ ان کے مطابق اب پی ٹی آئی میں اتنی ہمت نہیں کہ کوئی نئی کال دیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہے، اور غیر ملکی میڈیا کو جو بریفنگ دی گئی وہ مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں 26 نومبر کو انتشار اور لاشوں کی سیاست کی گئی، اور یہ دونوں اپنے کارکنوں کو ڈی چوک میں اکیلا چھوڑ کر وہاں سے فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے 1200 افراد کی شہادت کا جھوٹا بیانیہ بنایا، اور جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔ آخر میں عطا تارڑ نے سوال کیا کہ رینجرز اور پولیس کے شہید ہونے والے اہلکاروں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کیا جائے گا؟