17

الیکشن کمیشن کا حافظ نعیم کو الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز

 الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی پاکستان اور یونین کمیٹی 8 کے چیئرمین حافظ نعیم الرحمن کو الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ اظہار وجوہ کا نوٹس چیئرمین ٹائون میونسپل کارپوریشن اور گلبرگ ٹائون کے یو سی چیئرمین کو بھی دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ایڈیشنل کمشنر ضلع وسطی 1 محمد عاصم عباسی کے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یو سی 8 الفلاح نارتھ ناظم آباد ضلع وسطی کے چیئرمین حافظ نعیم الرحمن نے 3 نومبر کو یو سی 5 کے سنگھم گرائونڈ بلاک 9 فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی سے منسلک این جی او الخدمت کے آئی ٹی سے متعلق پروگرام بنو قابل میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی حالانکہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران بڑے جلسے اور تقریبات پر پابندی ہے۔ 

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح وہ ضابطہ اخلاق سے متعلق پیرا 16 بی، 27، 29 ،30 اور پیرا 32 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں لہٰذا حافظ نعیم الرحمن آج (6 نومبر) کو دوپہر 3 بجے ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہوکر وضاحت پیش کریں۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے آئی ٹی سے متعلق جماعت اسلامی کے اسی پروگرام بنوقابل میں شرکت اور خطاب کرنے پر چیئرمین ٹائون میونسپل کارپوریشن گلبرگ نصرت اللہ اور اسی ٹائون کے یو سی چیئرمین فاروق نعمت اللہ کو بھی بنو قابل پروگرام میں شرکت کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔

فاروق نعمت کو آج سہ پہر 3:30 بجے اور نصرت اللہ کو 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں 10 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 14 نومبر کو پولنگ ہوگی۔