13

اسرائیلی حملہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کے چارٹراورعالمی قوانین کے بھی خلاف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  ایسے حملے علاقائی امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، ایسے حملوں سے پہلے سے غیر مستحکم خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں تنازعہ بڑھنے اور کشیدگی میں اضافے کا اصل ذمہ دار اسرائیل ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل عالمی امن و سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرے، خطے میں اسرائیل کی مجرمانہ سرگرمیاں روکنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے۔ اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے، اسرائیلی کارروائی بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان حصول امن کے لیے تمام ہمسایہ ممالک سے مل کر کام کرتا رہے گا، فریقین مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل سے کام لیں۔