23

علی امین گنڈاپور نے سنگجانی میں قیدی وینز پر حملے کو ڈرامہ قرار دے دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سنگجانی میں پولیس پریزن وین پر حملے کو اسلام آباد پولیس کا ڈرامہ قرار دیا ہے۔

پشاور سے جاری بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جعلی حکومت اور اسلام آباد پولیس آئے روز جعلی ڈرامے کر رہی ہے، یہ ڈرامے بند کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیل لے جاتے ہوئے ترنول کے ایس ایچ او نے اپنے ہاتھ سے وین کے شیشے توڑے، ڈراما رچا کر پریزن وین کے تالے توڑے کر سب کو نیچے کھڑا کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بار بار آپ کو تنبیہ کر رہا ہوں، ملک کے اندر لاقانونیت کا راج قائم کردیا گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے ایک وزیر، ایم پی اے اور ورکرز، سرکاری اہلکاروں کی آج ضمانت ہوئی تھی، ایک ڈراما رچایا گیا کہ یہ لوگ فرار ہو رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں تو آپ کو پتا ہو کہ ہماری صوبائی حکومت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وارننگ دے رہا ہوں کہ اس طرح کے ڈرامے نہ کریں ،اگر گرفتار کیا ہے تو ان لوگوں کو خیریت سے پہنچائیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کسی کو کچھ بھی ہوا تو ایس ایچ او ترنول اور ڈی پی او ذمے دار ہوں گے، ڈی آئی جی، آئی جی اور پھر وزیر داخلہ ذمہ دار ہوں گے۔