15

نیا چیف جسٹس کون ہوگا؟ تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد  نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا جلاس شروع ہوگیا۔

12  رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا  بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہو رہا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے تاہم ان کے 3  ارکان کے لیے نشستیں موجود ہیں۔ اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر  اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی ہیں۔

اجلاس میں راجہ پرویزاشرف، فاروق ایچ نائیک،سید نوید قمر،کامران مرتضیٰ، رعناانصار، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور خواجہ آصف موجود شریک ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے تین نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوادیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئے چیف جسٹس کے لیے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نام بھجوائے گئے ہیں۔

کمیٹی نئے چیف جسٹس کے لیے ایک کا نام فائنل کرکے وزیراعظم کو بھیجے گی۔

26 ویں آئینی ترمیم کے تحت نئے چیف جسٹس کی تقرری موجودہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے تین دن قبل ہوگی۔

کمیٹی میں چیف جسٹس کی تقرری کے لیے سیکرٹری قانون کے بھیجےگئے 3 ججز کے نام پیش کردیےگئے۔

اجلاس میں آج ہی نئے چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔