235

شامی مسلمانوں پر بمباری کے خلاف پشاور میں مظاہرہ

پشاور۔جمعیت علماء اسلام پشاور نے شام میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف نمکمنڈی پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے شامی حکومت اورروس کیخلاف شدید نعرے بازی کی قیادت جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان اور ضلعی امیر مولانا خیرالبشر کر رہے تھے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شام میں مسلمانوں کے قتل عام اور مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے ، شام میں بچوں کے اعضاء کاٹے جارہے ہیں جبکہ خواتین کی بیحرمتی ہو رہی ہے جو افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن اقوام متحدہ ، اسلامی ممالک کی تنظیم اور عرب لیگ کوئی نوٹس نہیں لے رہے ، ان کی خاموشی مجرمانہ ہے اوراس صورتحال پر تمام مسلم ممالک کو متحد ہوناچا ہیے ۔

مظاہرین نے کہاکہ روس نے شام میں جبکہ امریکہ نے افغانستان میں بے گناہ انسانوں کے قتل کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے اور کفری طاقتیں کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتی۔جے یو آئی کے قائدین نے کہاکہ پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کی حکومتیں شام کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے اقدامات کرے ورنہ مظاہروں کا سلسلہ دیگر ممالک تک بڑھائینگے۔مظاہرین نے کہاکہ مسلمانوں پر مظالم کیخلاف اوآئی سی ، عرب لیگ اور اقوام متھدہ نوٹس لیں اورشامی مسلمانوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکے۔