182

وفاقی حکومت کا 27 اپریل کو بجٹ پیش کرنے کا اعلان

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 27 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی جبکہ وفاقی بجٹ 27 اپریل کو پیش کیا جائے گا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بیرونی قرضوں میں کمی اور مقامی قرضوں میں اضافہ ہوا اور صوبوں کو 2400 ارب روپے کی دگنی ادائیگیاں کی گئیں۔

خیال رہے کہ اگر موجودہ حکومت وفاقی بجٹ پیش کرتی ہے تو یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے چھٹا بجٹ پیش کیا جائے گا جو پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی حکومت کی جانب سے پہلی بار ہو گا۔