269

فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو سکیورٹی دینے کا اعلان

پشاور۔خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ صلاح الدین محسود نے فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈاتھارٹی کے ڈویژنل دفاتر کو فل پروف سکیورٹی کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم سے زیادہ خطرناک غیر معیاری اور ناقص خوراک کی فراہمی ہے جس کے خلاف جہاد ناگزیر ہے۔

فوڈ اتھارٹی کا کردار زیادہ مؤثر ہونا چاہئے ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈاتھارٹی کے دفاتر کے دورے کے موقع پر کیا انہوں نے دفتر کے مختلف شعبے دیکھے اور دفتر کو سٹیٹ آف دی آرٹ قرار دیا قبل ازیں اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے آئی جی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے خیبر پختونخوا میں کوئی ماڈل مذبح خانہ نہیں ہے جس کے باعث اکثر اوقات گوشت کی فراہمی بھی مشکوک ہو جاتی ہے۔

اس کے ساتھ بڑے بڑے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف بھی شکایات عام ہیں انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی انسپکٹروں کی تربیت مکمل ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر فیلڈ میں بھجوا دینگے جس سے اتھارٹی باضابطہ طور پر فعال ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل دفاتر میں پولیس کی سپورٹ سے اتھارٹی کاکام آسان اورزیادہ مؤثر ہوگا ڈی جی نے مزید کہا کہ ہم نئے آئیڈیاز کے ساتھ فیلڈ میں آ رہے ہیں۔

قبل اازیں آئی جی پی نے فوڈ اتھارٹی کے قیام کی تعریف کی اور ڈی جی ریاض محسود کی خدمات کو سراہا انہوں نے فوڈ اتھارٹی کے سپورٹ کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی سے متاثرہ ہے تاہم ناقص اور غیر معیاری خوراک کی فراہمی زیادہ خطرناک ہے جس کا تدارک ناگزیرہے بعدازاں ڈی جی ریاض محسود نے آئی جی صلاح الدین محسود کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔