241

بم دھماکوں کی کوریج کیلئے قانون سازی کی ہدایت

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس قیصررشید اورجسٹس مس مسرت ہلالی پرمشتمل دورکنی بنچ نے بم دھماکوں اوردیگرہنگامی حالات کے مواقعوں پرہسپتالوں میں وی آئی پیزکی آمدپرپابندی عائد کرنے کے لئے دائررٹ نمٹاتے ہوئے پیمراکو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے قانون سازی کرے تاکہ بم دھماکوں کے نامناسب مناظرٹی وی پرنہ دکھائے جائیں جبکہ میڈیاازخودبھی سنسرشپ کرے فاضل بنچ نے خورشید خان ایڈوکیٹ کی رٹ پٹیشن کی سماعت کی۔

اس موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ بم دھماکوں اوردیگرہنگامی صورتحال یاحادثات کے مواقع پروی آئی پیزکی ہسپتال آمد پرپابندی عائد کی جائے کیونکہ ان افراد کے ہسپتال آنے کے باعث مریضوں کوتکلیف کاسامناکرناپڑتاہے ہسپتالوں میں رش لگ جاتی ہے جبکہ وی آئی پیزکی آمد کے موقع پرسڑکوں پرٹریفک کوبھی روک لیاجاتاہے اوراس طرح طبی عملے کو بھی امدادی کاموں میں مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے جبکہ میڈیاٹیمیں بھی پہنچ جاتی ہیں لہذادھماکوں کے بعد وی آئی پیزکے ہسپتالوں کے دوروں پر پابندی عائد کی جائے۔

اس موقع پرایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل قیصرعلی شاہ عدالت میں پیش ہوئے اوربتایاکہ وی آئی پیزکی ہسپتالوں میں آمد اچھی بات ہے کیونکہ اس طرح وہ مریضوں کی ا مداد بھی کرتے ہیں اورڈاکٹروں کی دیکھ بھال کابھی معائنہ کیاجاتاہے جسٹس قیصررشید نے کہاکہ وہ وی آئی پیزکی آمد کے خلاف نہیں تاہم بعض وی آئی پیزکے آنے سے ڈاکٹرمریضوں کی دیکھ بھال چھوڑ کروی آئی پیز کی خدمت میں مصروف ہوجاتے ہیں اورپھریہ وی آئی پیزمریضوں اوران کے ہمرائیوں کے لئے مسائل پیداکرتے ہیں ۔

جسٹس مس مسرت ہلالی نے کہاکہ مریضوں کی عیادت اچھی بات ہے تاہم صرف فوٹوسیشن نہ کیاجائے ہسپتال ایڈمنسٹریشن خود ان اقدامات کی حوصلہ شکنی کریں کہ جس سے مریضوں کو تکلیف پیداہوجسٹس قیصررشید نے اس موقع پرکہاکہ ایک ایساوقت بھی تھاکہ پشاورمیں ایک روزپرکئی کئی دھماکے ہوتے تھے اورہرطرف خون ہی خون بکھراہوتاتھالاشیں بکھری ہوتی تھیں اورپشاورکے عوام نے امن کی بحالی کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ دیاہے۔

دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پرہائی کورٹ کے فاضل بنچ نے رٹ نمٹاتے ہوئے پیمراکو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں تاکہ ایسے مناظرنہ دکھائے جائیں اوراس حوالے سے قانون سازی کی جائے اورمیڈیااس حوالے سے ازخودسنسرشپ کریں اورہسپتال ڈائریکٹرزکوہدایات جاری کیں کہ وہ اس بات کویقینی بنائیں کہ وی آئی پیزبے شک ہسپتال مریضوں کی عیادت کے لئے آئیں تاکہ ان مریضوں کوفائدہ پہنچ سکے تاہم اس مقصدکے دوران مریضوں اوران کے لواحقین کوتنگ نہ کیاجائے۔