144

ایکنک اجلاس میں 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں 8بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی اجلاس کو 11ویں 5سالہ منصوبے (2013-2018)پر بھی بریفنگ دی گئی اور اس دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ جون 2018تک 3,163میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی جائے گی۔بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

ایکنک اجلاس میں آٹھ منصوبوں کی منظوری دی گئی، این ٹی ڈی سی ٹیلی کمیونیکیشن اور سکاڈ نظام کی توسیع اور اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی، منصوبے کیلئے 11ارب 63کروڑ روپے سے زائد رقم کی منظوری دی گئی، راولپنڈی میں 5ارب 30کروڑ کی لاگت سے 200بستر کے زچہ و بچہ ہسپتال بنانے کی بھی اجلاس میں منظوری دی گئی، جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کیلئے 7ارب 56کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی، منصوبے کے باعث گھرانہ آمدنی میں اضافے اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اور خواتین کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ 4ارب 87کروڑ روپے سے ڈیرہ غازی خان بائی پاس کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی، 16ارب 75کروڑ روپے سے چترال ،بومی، مستوج، شندور روڈ کو کشادہ کرنے کی منظوری دی گئی، راولپنڈی کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے، حصول اراضی اور معاوضے کیلئے 13 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں زیارت موڑ، کیچ، ہرانی روڈ، ہرنائی، سنجاوی روڈ کی تعمیر کیلئے 8ارب38کروڑ کی منظوری دی گئی، حویلیاں ، تھاکوٹ سڑک منصوبے کیلئے 12ارب 61کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، منصوبے کے تحت رقم سے اراضی کا حصول اور معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

اجلاس کو 11ویں 5سالہ منصوبہ (2013-18)پر بھی بریفنگ دی گئی اور اس دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جون 2018تک 3,163میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر دی جائے گی