117

ہارس ٹریڈنگ کرنیوالوں کیخلاف قانون بننا چاہیے ٗ نواز شریف

اسلام آباد ۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ہارس ٹریڈنگ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کے لئے کمیشن بننا چاہئے‘ ایم کیو ایم پہلے ہی کہہ رہی ہے کہ ان کے ایم پی ایز کو پیپلز پارٹی نے خریدا‘ ووٹ خریدنے اور بیچنے والوں کے خلاف قانون بننا چاہئے،(ن)لیگ کبھی بھی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں رہی۔

ہارس ٹریڈنگ سے نفرت کرتے ہیں او راس حوالے سے کارروائی بھی ہونی چاہیے جب کہ جن جماعتوں کے ساتھ دھاندلی ہوئی وہ مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیں تو(ن)لیگ ان کے ساتھ ہے۔ وہ بدھ کو یہاں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو اور بعد ازاں پنجاب ہاؤس میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ خریدنے اور بیچنے والوں کی انکوائری ہونی چاہئے۔

زرداری صاحب کا پختونخوا میں کون ہے جس نے انہیں ووٹ دیا۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حیثیت سے زیادہ ووٹ لینے پر بھی شور ہے۔ ایم کیو ایم پہلے ہی کہہ رہی ہے کہ ان کے ایم پی ایز کو پیپلز پارٹی نے خریدا‘ ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کیلئے کمیشن بننا چاہئے۔ سندھ میں متحدہ کی ایک نشست کے علاوہ سب ووٹ خریدے گئے پیسے دیکر ارکان خریدنے والوں کے خلاف قانون بننا چاہئے اس قانون کو بنانے کے لئے ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا چاہئے۔ 

دریں اثناء احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ(ن) لیگ کبھی بھی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں رہی، ہارس ٹریڈنگ سے نفرت کرتے ہیں اوراس حوالے سے کارروائی بھی ہونی چاہیے جب کہ جن جماعتوں کے ساتھ دھاندلی ہوئی وہ مل کر لائحہ عمل بنانا چاہیں تو(ن) لیگ ان کے ساتھ ہے۔