763

گریڈ17سے بالاافسران کاایگزیکٹوالاؤنس معطل 

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس ایوب خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے گریڈ17اوراس سے اوپرکے افسروں کیلئے نافذ کردہ ایگزیکٹوالاؤنس معطل کردیا اور صوبائی حکومت سے جواب مانگ لیا عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے گل رحمان مہمند ایڈوکیٹ کی رٹ پٹیشن کی سماعت کی ا س موقع پر عدالت کو بتایاگیاکہ صوبہ خیبرپختونخوا ا نتہائی غریب ہے اورحکومت کے وسائل انتہائی محدود ہیں اورحکومت کابھی یہی موقف ہے کہ صوبے کے وسائل نہ ہونے کے برابرہیں ۔

جبکہ دوسری جانب سرکاری افسروں کی تنخواہیں انتہائی زیادہ ہیں اورانہیں بیش بہامراعات دی جارہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ گریڈ17اوراس کے اوپرکے انتظامی افسروں کے لئے ایگزیکٹوالاؤنس مختص کیاگیاہے جبکہ یہ الاؤنس صوبے کے غریب عوام کو دیناچاہئیے اورچھوٹے ملازمین کو اس قسم کے الاؤنس ادا کرناچاہئییں تاکہ ان کے معاشی مسائل حل ہوسکیں عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے ابتدائی دلائل کے بعد ایگزیکٹوالاؤنس معطل کرکے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے جواب مانگ لیا۔