126

جوڈیشل اکیڈمی میں پہلی آن لائن ٹریننگ کاآغاز

پشاور۔ خیبرپختونخوا جوڈیشل اکیڈمی میں پہلی آن لائن ٹریننگ پروگرام کا آغاز کردیاگیا جسے ’’زون‘‘ کا نام دیاگیا ہے‘ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے گزشتہ روز باقاعدہ طور پر آن لائن ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کیا‘ جوڈیشل اکیڈمی خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی جو کہ بحیثیت عہدہ جوڈیشل اکیڈمی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں نے باقاعدہ طور پر صوبہ بھر کے ضلعی عدلیہ میں تعینات افسران کو جدید نظام کے ذریعے خطاب بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس نظام سے عدالتوں میں ٹریننگ کے نظام میں مزید بہتری آئے گی اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا‘ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پشاور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان بھی مختلف امور پر لیکچر دینگے ‘ انہوں نے ماتحت عدلیہ کے ججز پر زور دیا کہ وہ اس نظام سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم‘ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انور علی بھی ان کے ہمراہ تھے ‘ چیف جسٹس نے اس موقع پر کہا کہ جسٹس اشتیاق ابراہیم فواجداری مقدمات میں فرد جرم سے متعلق لیکچر دینگے قبل ازیں جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خورشید اقبال نے مہمانوں کا استقبال کیا اور جوڈیشل اکیڈمی پر روشنی ڈالی جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلیم ارشد نے اس موقع پر ڈکری شیٹ سے متعلق اپنے تجربے کو دیگر ججز کے ساتھ شیئر کیا ۔