122

فاٹاکیلئے 6ارب سے زائد کے منصوبے منظور

پشاور۔فاٹا ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا ساتوا ں اجلاس ایڈیشنل چیف سیکر ٹری فاٹا سکندر قیوم کے زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں فاٹا میں مختلف ترقیاتی سکیمیں منظوری کیلئے پیش کئے گئے۔سیکر ٹری پی اینڈ ڈی زوبیر قریشی نے مختلف محکموں کے 51 سکیمیں اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کئے تاہم تفصیلی بحث مباحثے کے بعد 49 سکیمیں منظور ی دی گئی جن پر تقریباً 6ارب35کروڑ سے زائد روپے خرچ کئے جائینگے ۔

منظور کئے گئے سکیموں میں محکمہ تعلیم پر 2آرب 42کروڑ60لاکھ، پبلک ہیلتھ انجینئر نگ پر 19کروڑ،آب پاشی پر 6کروڑ 30لاکھ،مواصلات پر 17کروڑ 40لاکھ،ہاؤسنگ پر 7کروڑ 90لاکھ،دیہی ترقی پر 26کروڑ 20لاکھ،توانائی پر 56کروڑ 60لاکھ،صحت پر 80کروڑ، اور علاقائی ترقی پر 1ار ب 80کروڑ80لاکھ رپے خرچ کئے جائینگے۔ اجلاس میں فاٹاسیکرٹریٹ کے انتظامی سیکر ٹریز، سیکر ٹری ایڈمنسٹریشن میاں محمد،سیکر ٹری سوشل سیکٹر یوسف رحیم،سیکر ٹری فنانس محمد کامران شاہ،سیکر ٹری لاء اینڈ آرڈر حسن محمود یوسفزئی اور ایڈیشنل سیکر ٹری پی اینڈ ڈی محمد زبیر کے علاوہ پلاننگ کمیشن کے نمائندہ اور فاٹا سیکر ٹریٹ کے متعلقہ ڈائریکٹریٹس کے ڈائریکٹرز بھی شامل تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکر ٹری فاٹاسکندر قیوم نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں انھوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے جو کہ عوام ہی پر خرچ کیا جائیگا انھوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ منظور کی گئی سکیموں کو شفاف طریقے سے بروقت مکمل کیا جائے۔