102

پی ٹی آئی کا نئی حلقہ بندیوں کیخلاف عدالت جانیکا اعلان

پشاور۔پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی نئی حلقہ بندیوں کو یکسر مستردکرتے ہوئے اس کے خلاف ہائی کورٹ نے رجوع کرنے کافیصلہ کیاہے جبکہ پانچ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی کمی زیادتی قراردیتے ہوئے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی متفقہ قرارداد کامسودہ کمیشن کو ارسال کردیاہے ۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے نئی حلقہ بندیوں اور پانچ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے حلقے کم کرنے کو غیر منصفانہ فیصلہ قراردیتے ہوئے اسے صوبائی اسمبلی کی متفقہ قراردادکے خلاف بھی قراردیاہے ا س سلسلہ میں سپیکر صوبائی اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے لیٹر کے ساتھ ساتھ اسمبلی کی مذکورہ قرارداد کامسودہ بھی بھجوادیاہے۔

ساتھ ہی انہوں نے عدم شنوائی کی صورت میں ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کااعلان بھی کیاہے ان کاکہناہے کہ جب قومی اسمبلی کے حلقے کم نہیں کیے جارہے تو صوبائی اسمبلی کے حلقے کم کرنا سمجھ سے بالاتراور مذکورہ پسماندہ اضلاع کے ساتھ سراسرزیادتی ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اگر الیکشن کمیشن نے نوٹس نہ لیا تو پھر بھرپورعوامی و عدالتی جنگ بھی لڑیں گے