139

وفا ق خیبر پختونخوا سے سستی بجلی خریدے ‘عاطف خان 

پشاور۔صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف نے کہاہے کہ محکمہ انرجی اینڈ پاور کی طرف سے شروع کردہ 356 چھوٹے پن بجلی گھر پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے پہاڑی علاقوں کے لوگوں کو کم ریٹ پر بلا تعطل بجلی کی سہولیات مسیر ہوں گی۔ وہ پشاور میں محکمہ انرجی اینڈ پاور کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری انرجی اینڈ پاور شکیل قادر، ایڈیشنل سیکرٹری آصف خان، کے پی او جی ڈی سی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رضی الدین ،چیف پلاننگ آفیسر زین اللہ شاہ اور چیف فنانس آفیسر سعید چغتائی موجودتھے۔ 

صوبائی وزیر نے کہا کہ کہ ہمارے چارپراجیکٹس مکمل ہوچکے ہیں جن کی پیداواری صلاحیت 74 میگا واٹ ہے جبکہ 214 میگاواٹ کے حامل اور بھی پراجیکٹس عنقریب مکمل ہوں گے۔ تاہم وفاق نے ابھی تک ہمارے ساتھ پاور پرچیز ایگریمنٹ نہیں کیا اور اس میں ابھی تک ٹال مٹول کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 74 میگا واٹ بجلی بھی موجود ہے اور ڈیمانڈ بھی ہے اورہمیں سالانہ اربوں روپہے کا نقصان بھی ہورہاہے مگر وفاق کی ہٹ دھرمی ہے کہ مرکزی حکمران کول ،ایل این جی اوردوسرے ذرائع سے زیادہ ریٹ پرمہنگی بجلی خریدرہے ہیں جبکہ ہماری سستی بجلی ہم سے نہیں خرید رہے۔ 

محمد عاطف خان نے کہا کہ دنیا میں سب سے سستی بجلی ہائیڈل کی ہوتی ہے مگر وفاق کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک کو اربوں روپووں کا نقصان ہورہاہے۔ صوبائی وزیر نے انرجی اینڈ پاور حکام کو ہدایت جاری کی کہ محکمے کی طرف سے شروع کردہ ہائیڈل اورسولر پراجیکٹس کو بروقت مکمل کیاجائے اور اس ضن میں مزید تاخیر ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام منصوبے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شروع کئے جاچکے ہیں اور ان کی بروقت تکیمل ضروری ہے تاکہ ان کو زیادہ سے زیادہ فوائد مل سکیں۔ 

جائزہ کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیاکہ 4000 مساجد پراجیکٹ پر کام شروع ہے کنٹریکٹرز کی سلیکشن ہوچکی ہے اور 20 اپریل تک سپلائی شروع ہوجائے گی۔اسی طرح آٹھ ہزار سکولوں اور187 بیسک ہیلتھ یونٹ پراجیکٹ کو بھی عقریب مکمل کردیا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف نے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے، روزگار کے نئے مواقع پید اکرنے اورسابقہ ادوار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہ حال انڈسٹری کو ہم بحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم اپنے ہائیڈل پراجیکٹس کی مدد سے ان تمام مسائل پر قابوپاسکیں ۔

مگر وفاق کے نارواسلوک اورغلط پالیسیاں اس ضمن میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہائیڈل کی بہت بڑی صلاحیت اوراستعدادموجود ہے اگر خلوص نیت سے وفاق صحیح پالیسیاں بنائے اور ہمارے ساتھ پاور پرچیز ایگریمنٹ کرلیں تو اس سے خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام کے مسائل حل ہوجائیں گے۔