216

اساتذہ بھرتی ۔۔۔۔ پرچہ آؤٹ ہونے کی تحقیقات کا فیصلہ

پشاور۔محکمہ تعلیمِ خیبر پختونخوا نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے زیر اہتمام اساتذہ کی بھرتی کے لئے امتحان کا پرچہ آؤٹ ہونے کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کا فیصلہ کرلیا۔محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے3مارچ کو آؤٹ ہونے والے این ٹی ایس کے پرچے کو سائبر کرائم قرار دے کر اس کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔واقعے کی چھان بین کے لیے قائم کمیٹی نے اپنی ابتدائی تحقیقات میں بتایا ہے کہ پرچہ امتحان کے مقررہ وقت سے قبل آوٹ ہوا تھا۔

اسپیشل سیکرٹری تعلیم خیبر پختونخوا ارشد خان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کے لیے مراسلہ بھیج دیاہے۔مراسلے میں این ٹی ایس کے ریجنل سربراہ کو لکھا گیا ہے کہ پرچوں کے حوالے سے ریکارڈ کی نگرانی نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی ذمہ داری ہے۔ادارہ معاہدے کے تحت ریکارڈ کی سکیورٹی یقینی بنانے کا پابند ہے۔ مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ پرچہ آوٹ کرنے والو ں کی نشاندہی کی جائے اور ملوث افراد کے خلاف پولیس اور اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کئے جائیں