131

سکہ شاہی کیخلاف علم بغاوت بلند کرنا ضروری ہے ٗنواز شریف

اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد ٗ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سکہ شاہی کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ضروری ہے ٗ20 کروڑ شہری بھیڑ بکریاں نہیں ٗجن کے ووٹ سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو چار ٗپانچ لوگ پارلیمنٹ سے بے دخل کردیں ٗشیر چھیننے سے ہمارا نشان نہیں مٹ سکتا ٗسینیٹ انتخابات میں جہاں پیسہ چلا اور ووٹ خریدے گئے اس کا حساب کتاب ہونا چاہیے ٗتم جتنا ظلم کرو گے، عوام اتنا ہی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے۔

پیر کو احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے ضمنی ریفرنسز کی سماعت کے بعد نواز شریف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ شہری بھیڑ بکریاں نہیں ٗجن کے ووٹ سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو چار ٗ پانچ ٗلوگ ٗ پارلیمنٹ سے بے دخل کردیں اور پھر پارٹی کی صدارت کے لیے بھی نااہل قرار دے دیں۔نوازشریف نے کہا کہ کچھ لوگ پارٹی کی صدارت سے محروم کرتے ہیں لیکن عوام نوازشریف کو لیڈر سمجھتی ہے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر سوالات اٹھایا کہ وزارت عظمیٰ سے کیوں نااہل قرار دیا؟ کیا وزیراعظم نے چوری کی؟ کسی کا خون کیا؟ یا ڈاکا ڈالا تھا؟

نواز شریف نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا ٗاب پاکستان کے عوام کبھی برداشت نہیں کریں گے اور ہی کرنا چاہیے ٗظلم کے آگے کھڑا ہونا بہت ضروری ہے اور جو ظلم کے آگے خاموشی اختیار کرے وہ سب سے بڑا ظالم ہوتا ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ سرگودھا میں ہمارے نمائندے سے شیر کا نشان چھین لیا گیا لیکن نشان چھیننے سے ہمارا نشان نہیں مٹ سکتا۔انہوں نے کہاکہ عوام مسلم لیگ (ن) کے بیانیے اور مؤقف کو جانتی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ جس کا ایک رکن بھی صوبے میں نہ ہو وہاں امیدوار کھڑا کرے، یہیں سے دھاندلی لگتی ہے جبکہ ہمارے سینیٹرز نے نشان کے بغیر الیکشن لڑا ۔نواز شریف نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کے کھیل کو دفن کرنا چاہتے ہیں، اس بارسینیٹ میں کھلے عام سب کچھ ہوا، کسی پارٹی کو حق نہیں پہنچتا کہ صوبے میں ایک رکن نہ ہو اور وہ سینیٹ کیلئے امیدوار کھڑے کردے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ تم جتنا ظلم کرو گے۔

عوام اتنا ہی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے، عوام محسوس کررہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف بالکل صحیح ہے اور اب میں نہیں کہتا، عوام کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔انہوں نے کہاکہ ہم نے غلط اور صحیح میں تفریق کرنا ہے، ملک کے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں کی طرح نہیں گزرنے چاہئیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ایسانہ چلا ہے اور نہ چلنے دیں گے، میری نااہلی کو عوام نے تسلیم نہیں کیا، فیصلے میں جان ہوتی تو عوام تسلیم کرلیتے، ہم نے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی کا خون نہیں کیا ٗ یہ کسی فرد واحد کا ملک نہیں ہے۔